ایک نیوز:یوم شہدا پولیس کے موقع پر مسلح افواج نے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہدا نے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں، ان کی غیر متزلزل لگن، بے لوث ہمت اور بے لوث قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،آج مسلح افواج کے افسران اور جوانوں ان شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا نے اپنے پسینے اور خون سے قوم کی حفاظت کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج یوم شہدا کے موقع پر شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے،مسلح افواج ہر ممکن طریقے سے ان کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس کے شہدا کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے، فوجی افسران اور دستوں نے ملک بھر میں متعدد مقامات پر مقامی پولیس کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں شرکت کی، یوم شہدا پولیس امن، انصاف اور سلامتی کے حصول میں ہمارے پولیس اہلکاروں کی بے پناہ قربانیوں کی ایک پُرجوش یاد دہانی ہے۔
ترجمان پاک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ مادر وطن کے دفاع کے عظیم مقصد کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے،مسلح افواج اس مشن کو غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رکھنے کا عہد کرتی ہے۔