ایک نیوز: پاکستان پیپلز لارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ شہداء پولیس پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت، شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا یوم شہدا پولیس پر کہناہےکہ قومی تاریخ امن و امان کے قیام اور استحکام کے لیے پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں کی لازوال داستانوں سے لبریز ہے۔ پولیس کے شہداء صرف ایک محکمے کے نہیں، پوری قوم کے ہیرو اور شہداء ہیں۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شہریوں کی جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے حوالے سے پولیس کی اہمیت و افادیت اور کلیدی کردار پر کوئی دو رائے نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ میں پولیس شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے لیے امدادی رقم میں اضافہ کیا ہے۔حکومتِ سندھ کے شہداء اور زخمی اہلکاروں کے لیے اٹھائے گئے دیگر اقدامات بھی قابلِ تعریف ہیں۔ آئندہ عام انتخابات جیتنے کے بعد بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی مزید اقدامات کرے گی۔