نگران وزیراعلیٰ کا مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، اہم ہدایات جاری

Aug 04, 2023 | 10:40 AM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال، شاہدرہ فلائی اوورپراجیکٹ اور شاہدرہ تھانے کا دورہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے تین گھنٹے طویل دورے کے دوران ہسپتال میں طبی سہولتوں اورفلائی اوور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے شاہدرہ تھانے کی حوالات میں بند قیدیوں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا اور فرنٹ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں ایمرجنسی، بچہ وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے طبی سہولتوں اور مفت ادوویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔

بعض مریضوں نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ نہ کرنے کی شکایت کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی سیکرٹری صحت کو ٹیلیفون کیا اور رات کی شفٹ میں ڈاکٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ بعض وارڈز میں اے سی بند تھے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی کو فنکشنل رکھنے کے لئے ہدایات دیں۔ ڈیوٹی ڈاکٹر زرمینہ کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ 

وزیر اعلیٰ نے ذیابطیس کے مریض بچے کو سروسز ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی واپس جانے کیلئے گاڑی میں بیٹھنے لگے تو ہسپتال کے گیٹ پر موجود بزرگ مریض کو دیکھ کر رک گئے۔ محسن نقوی نے بزرگ مریض مختار احمد کوفوری طورپرایمبولینس میں اپنی نگرانی میں پی آئی سی شفٹ کرایا۔

محسن نقوی نے پی آئی سی کے حکام کو خود فون کر کے مختار احمد کے بارے میں بتایااورفوری علاج کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ڈبل نمونیہ کے مریض پانچ ماہ کے بچے کوبہترین علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ 

محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورپراجیکٹ پرجاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور کنٹریکٹر کو اضافی مشینری لگا کر منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے فلائی اوور کیلئے پائلز کا جائزہ لیا اور ٹرازم پر گارڈر رکھنے کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شاہدرہ اوور ہیڈ برج پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ بارشوں کے باعث ہونے والی تاخیر کا ازالہ اضافی وسائل لگاکر کیا جائے۔ عوام کی سہولت کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزیدخبریں