بھارت: کانووکیشن کیلئے ڈانس کرتے سٹیج پر آنا طالب علم کو مہنگا پڑگیا

Aug 04, 2023 | 09:33 AM

ایک نیوز: کانووکیشن کے دوران سٹیج پر ڈانس کرنے آنے پر طالب علم کو لینے کے دینے پڑگئے۔ اساتذہ نے ڈگری دینے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی کے ایک طالب علم کو اپنے کانووکیشن کی تقریب میں ڈگری لینے کیلئے ڈانس کرتے ہوئے آنا مہنگا پڑا گیا اور یونیوسٹی کی انتظامیہ نے اسے ابتدائی طور پر ڈگری دینے سے انکار کردیا تاہم بعد میں اسے ڈگری دے دی گئی۔

آج کل سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں طالب علموں کو کانووکیشن کے موقع پر یا تو ڈانس یا پھر ایسا مزاحیہ جملہ بولتے دیکھا جاتا ہے جس سے حاضرین ہنسنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور طالب علموں کو ڈگری سے بھی نوازا دیا جاتا ہے لیکن بھارتی شہر ممبئی کے ایک طالب علم کو ایسا  کرنا مہنگا پڑگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علم کا تعلق نرسی مونجی انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسٹڈیز سے ہے اور  طالب علم کا نام آریہ کوٹھاری ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی طالب علم کو ڈگری لینے کیلئے بلایا جاتا ہے تو وہ بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم کا مشہور گانا’ تینو لے کے میں جاواں گا' گاتا ہے اور ڈانس کرتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالب علم کا ڈانس کرنا یونیورسٹی کی انتظامیہ کو پسند نہیں آیا اور اسٹیج پر موجود ایک استاد نے ڈگری دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو ڈگری نہیں دیں گے جبکہ ساتھ موجود ایک اور استاد نے کہا کہ اس تقریب میں ایسی حرکت کی اجازت نہیں ہے۔

بعدازاں طالب علم کی جانب سے اساتذہ سے معافی مانگی گئی جس کے بعد فیکلٹی نے طالب علم کو ڈپلومہ کی ڈگری سے نوازا اور مستقبل میں بھی ایسی حرکت کرنے سے باز رہنے کی وارننگ دی۔

مزیدخبریں