ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز جنرل ہسپتال گئیں جہاں انہوں نے جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونیوالی زیرعلاج کم عمر بچی رضوانہ کی عیادت کی۔
تفصیلا ت کےمطابق مریم نواز کو ایم ایس جنرل خالد بن اسلم نے رضوانہ کے متعلق بریفنگ دی، ایم ایس نے بتایا کہ بچی رضوانہ کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔
بچی رضوانہ نے بتایا کہ اسے بہت مارتے تھے اور زہر بھی پلاتے تھے، جس پر مریم نواز نے پوچھا کہ آپ نے اس بارے میں اپنے والدین یا کسی اور کو نہیں بتایا، بچی کا اس پر کہنا تھا نہیں بتایا کیونکہ وہ بہت مارتے تھے، چہرے پر زخموں سے متعلق بچی رضوانہ کا کہنا تھا یہ بھی تیزاب کے نشانات ہیں۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا آج میرا مقصد اس ظلم کو سامنے لانا تھا، جتنے بھی ارباب اختیار ہیں چاہے وہ وفاقی حکومت ہے یا صوبائی حکومت، اعلیٰ عدلیہ ہے یا نچلی سطح کی عدالتیں، مجرم چاہے جتنا بھی طاقتور ہے اسے قانون کے شکنجے میں لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔