ٹیکس کو جی ڈی پی کے15 فیصد تک لے جائیں گے،شہبازشریف

وزیراعظم کا ٹیکس کو جی ڈی پی کے15 فیصد تک لیجانےکااعلان
کیپشن: وزیراعظم کا ٹیکس کو جی ڈی پی کے15 فیصد تک لیجانےکااعلان

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ آئندہ پانچ برس میں  ٹیکس کو جی ڈی پی کے 15 فیصد تک لے کر جائیں گے۔ 

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزرات خزانہ کے حوالے سےاعلی سطحی اجلاس ہوا ۔وزیرِ اعظم نے سرکاری ملکیت کے ادارے بالخصوص خسارے کا شکار اداروں کی اصلاحات و  نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کردی.  

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، احسن اقبال، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. 

اجلاس کو محصولات، مالی خسارے، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلاتِ زر اور کرنٹ اکاونٹ کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو محصولات، سبسڈیز، بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم کی حکومتی اخراجات کم کرنے کے حوالے سے ہدایات پر عملدرآمد پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا.

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ آئندہ پانچ برس میں  ٹیکس کو جی ڈی پی کے 15 فیصد تک لے کر جائیں گے.عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کیلئے جامع پلان تشکیل کرکے پیش کیا جائے.وفاق صوبوں کو مضبوط کرکے 18ویں ترمیم کی تمام متعلقہ وزارتیں و ادارے صوبوں کے حوالے کرے گا. مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے خرچوں میں کمی کی جائے گی.ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر سروسز کی بہتری کیلئے نجی آپریٹرز سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی جائے گی. 

 شہبازشریف کاکہنا ہے کہ سرکاری قرض میں بتدریج کمی، پینشن و سبسڈی اصلاحات، سرکاری ملکیتی اداروں کی اصلاحات اور نجکاری پر حکومت کی بھرپور توجہ مرکوز ہے. آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائے پروگرام کی تکمیل خوش آئند ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ پروگرام کیلئے بھی بھرپور محنت کرے گی. بیرونی قرضے کو کم کرنے کیلئے بھی ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے.اقتصادی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں گی.