عمران خان کو دھمکانا ،ان کی گرفتاری کی کوشش ناقابل قبول ہے: امریکی رکن کانگریس

Apr 04, 2023 | 16:37 PM

ایک نیوز: امریکی رکن کانگریس ایرک سوالویل کا کہنا ہے کہ عمران خان کو دھمکانا اور ان کی گرفتاری کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیڈ لو اور بریڈ شرمی کے بعد ایک اور امریکی رکن کانگریس نے چیئرمین تحریک انصاف  اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں بیان جاری کردیا ہے۔ امریکی رکن کانگریس ایرک سوالویل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ ملک میں جمہوریت کی بالادستی کی حمایت کرتے ہیں، عوام کو بنیادی انسانی حقوق میسر ہونے چاہئے۔

ایرک سوالویل نے کہا کہ پاکستان میں صاف وشفاف انتخابات کےخواہاں ہیں، فریقین تشدد سے بچنے کیلئے پرامن سیاسی عمل میں شامل ہوں۔ پاک امریکا تعلقات علاقائی استحکام اور  سلامتی کیلئے اہم ہے۔ ایسی صورتحال دیرینہ دوطرفہ تعلقات کیلئے خطرہ ہے۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس رکن بریڈ شرمین نے بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے  کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کی تقاریر اور میڈیا چینلز پر بھی پابندیاں لگ رہی ہیں۔  ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ان اقدامات کی مذمت کی ہے، حکومت پاکستان کو انسانی حقوق کی پامالیوں کے ذمہ داروں کا تعین کرنا چاہیے۔

امریکی رکن کانگریس ٹیڈ لو نے کہا تھا کہ پاکستان میں سیاسی کشیدگی تشدد کا باعث نہیں بنے۔  تمام سٹیک ہولڈرعدم تشدد اور برداشت کے اصولوں پر عمل کریں سب کو جمہوری اصولوں کا احترام کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں