ایک نیوز: تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج رات افطاری کے بعد گرینڈ جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب، کے پی الیکشن کی تاریخ سے متعلق دیے گئے فیصلے پر تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
فوادچوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے انعقاد کو بنیادی آئینی ضرورت قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن کو بنیادی آئینی حق بدلنے کا کوئی اختیار نہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف اور عوام کی بڑی فتح ہے، اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں کے آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آئین قانون کی جیت ہے، سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلے پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 کتوبر تک ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے حامی وکلا کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر جشن منایا گیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
زمان پارک میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے آج رات افطاری کے بعد گرینڈ جشن منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔