ایک نیوز: راولپنڈی میں رات گئے پولیس مقابلہ دیکھنے میں آیا جس سے ہیڈ کانسٹیبل زخمی اور ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ پیرودھائی میں رات گئے 03 ڈاکؤوں نے محافظ سکواڈ پر فائرنگ کر دی۔ ڈاکؤوں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل فیصل رفیق زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ہلاک ڈاکو کی شناخت ابتدائی طور پر محمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔تین افراد کو محافظ ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں علاقہ میں سرچنگ کر رہی ہیں۔ زخمی ہیڈ کانسٹیبل کو علاج معالجہ اور ہلاک ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔