ایک نیوز: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت میں پیشی کے لیے فلوریڈا سے نیویارک پہنچ گئے، وہ عدالت میں فرد جرم کا سامنا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا سے خصوصی پرواز بی 752 میں نیویارک کے لیے روانہ ہوئے، ان کی اس پرواز کو دنیا بھر سے بیک وقت 82 ہزار سے زائد لوگوں نے ٹریک کیا۔
سابق امریکی صدر نے بوئنگ 2J4ER-757 طیارے میں سفر کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی طیارے نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے نیویارک ائیر پورٹ پر لینڈ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر سال 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل فحش فلموں کی اداکارہ کو مبینہ طور پر خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کرنے کے مقدمے میں جمعرات کو فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔