ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاکہنا ہے کہ عمران خان کے خوف سے پی ڈی ایم دماغی توازن کھو چکی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدرتحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے وزیرآباد چودھری پرویزالٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ہیڈ ڈاکٹر عبدالوحید نے ملاقات کی ۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں سے لڑنے کی بجائے عدلیہ اور عوام سے لڑ رہی ہے۔انشاء اللہ فتح آئین اور عوام کی ہو گی۔، چیف جسٹس سرخرو ہوں گے۔سپریم کورٹ کے خلاف نوازشریف کے ناپاک ارادے خاک میں مل جائیں گے۔سووموٹو اور بنچوں کی بحث ثانوی ہے، اصل مسئلہ نوے روز میں الیکشن ہیں۔نوے روز میں الیکشن پر سپریم کورٹ کے ججوں میں کوئی اختلاف نہیں۔لاہور ہائیکورٹ پہلے ہی نوے روز میں الیکشن کا حکم دے چکی ہے۔
پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ تینوں 90 روز میں الیکشن پر ایک صفحہ پر ہیں۔آٹے کی قطاروں میں مرنے والوں کا خون شہبازشریف اور محسن نقوی کی گردن پر ہے۔مفت آٹے کی نام پر غریبوں میں ذلت اور موت بانٹی جا رہی ہے۔سکیم میں ناقص اور مضر صحت آٹا شامل کر کے غریبوں کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔ن لیگی آٹا مافیا کے ڈیلر سرکاری آٹا سر عام بازاروں میں بیچ رہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ الیکشن کی بعد آٹا سکیم میں گھپلوں کی انکوائری کرائیں گے۔مفت آٹے کی نام پر اربوں کا ہیر پھیر کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔اس ہیر پھیر میں محسن نقوی اور چیف سیکرٹری کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہئے۔موجودہ حکومت نے وزیرآباد کارڈیالوجی کے فنڈز بھی روک دئیے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پنجاب حکومت کو خط بھی لکھا گیا لیکن تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔