بابر اعظم نے محمد یوسف کا ریکارڈ توڑنے کے بعد لیجنڈری بلے باز سعید انور کا بھی ریکارڈ برابر کردیا ہے۔انہوں نے لسٹ اے میں 150 میچز کی 147 اننگز کھیلی ہیں جس میں انہوں نے 56.07 کی اوسط سے 7 ہزار 177 رنز اسکور کیے ہیں۔
علاوہ ازیں بابر اعظم نے لسٹ اے کے میچز میں 26 سنچریاں اور36 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں جس کے بعد انہوں نے لسٹ اے میچز میں سعید انور کے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں سنچری اسکور کرتے ہوئے 105 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی تھی جبکہ یہ ان کے کیریئر کی 26 ویں سنچری تھی۔
ساتھ ہی بابر اعظم لسٹ اے سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سابق قومی اوپنر سعید انور کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس لسٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز خرم منظور کے پاس ہے جنہوں نے 27 سنچریاں اسکور کی ہیں۔
اس لسٹ میں سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر و بلے باز کامران اکمل 21 سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں اسکور کرکے 5 ویں جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں اسکور کرکے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔
اس لسٹ میں ساتویں نمبر پر سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور موجود ہیں۔
آٹھویں نمبر پر تین کھلاڑی سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں اسکور کرکے مشتر کہ طور پر موجود ہیں۔
جب کہ سابق کپتان محمد یوسف، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں اسکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ون ڈے میں سب سے زیادہ 16 سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز قومی ٹیم کے سابق بلے باز محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 15 سنچریاں اسکور کی تھی جبکہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر سعید انور اب بھی موجود ہیں جنہوں نے 20 سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔