ویب ڈ یسک:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کےمطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں بجلی کی تقسیم کے نظام پر منعقدہ مشاورتی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ حقیقت ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اس وقت عوام پریشان ہیں،دنیا بھر کو بجلی کی قیمتوں کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے، آئی پی پیز کے قیام کے وقت ڈالر کی قیمت انتہائی کم تھی، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے،پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان ہے جو گرین انرجی پر منتقل کی گئی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانے والی بجلی کی ریکوری 50 فیصد سے بھی کم ہے، ریکوری میں کمی کی وجہ سے بجلی کے صارفین کو دوسرں کا بوجھ بھی اٹھانا پڑتا ہے، موسم سرما میں بجلی کی کھپت میں کمی کی وجہ بجلی کی پیداوار میں کمی لانا پڑتی ہے، موجودہ پارلیمان ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجزز کے حل کیلئے کوشاں ہے۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہناتھا توانائی ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پارلیمنٹ مشترکہ مسائل پر غور و فکر اور قابل عمل حل تلاش کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، صنعتی، اقتصادی اور سماجی ترقی کا دارومدار توانائی پر منحصر ہوتا ہے، توانائی کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل کی پالیسی سازی ضروری ہے، پالیسی سازی اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔