کولمبو میں شدید بارشیں، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

Sep 03, 2023 | 22:32 PM

ایک نیوز :سری لنکا ان دنوں مون سون بارشوں کی زد میں ہے اور دارالحکومت کولمبو میں گزشتہ 5 دنوں سے جاری بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا ہے۔

سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبو کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ 

رپورٹس کے مطابق بارشوں اور آندھی کے باعث کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کولمبو کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوگئی۔

کولمبو کے حوالے سے موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق شہر میں 20 ستمبر تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے کولمبو میں نظامِ زندگی درہم برہم ہوگئی ہے، املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا کے مختلف شہروں بھی بارشیں جاری ہیں۔

دوسری جانب ایشیا کپ 2023 ہائبرڈ نظام کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں جاری ہے، گزشتہ روز پاک بھارت میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کولمبو کا وینیو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولمبو میں کئی دنوں سے بارشیں ہو رہی ہیں، یہیں پر ایشیا کپ سپر 4 مرحلے کے تمام میچز اور فائنل کھیلا جانا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولمبو میں شدید بارشوں اور خراب موسم کے باعث کولمبو کا وینیو تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور یہاں ہونے والے میچز دمبولا منتقل کیے جاسکتے ہیں جہاں ان دنوں بارشیں نہیں ہو رہیں۔

مزیدخبریں