ایک نیوز : پاکستان چلے جاؤ،بھارتی ٹیچر نے مسلم طلبا کو کلاس سے نکال دیا۔
بھارت میں یوپی اور دہلی کے بعد اب ریاست کرناٹک میں بھی درس و تدریس سے وابستہ اساتذہ بھی ہندواتوا کے نظریے میں ڈھل گئے اور مسلم طلبا کے ساتھ اہانت آمیز رویہ رکھنے لگے۔
ریاست کرناٹک میں شیوموگا ضلع کے ایک اسکول میں پانچویں جماعت کے دو مسلم طلبا لڑ رہے تھے اور شور مچا رہے تھا جس پر کلاس ٹیچر غصے میں آگئے اور بچوں کو سمجھانے کے بجائے کہا کہ پاکستان جاؤ، یہ ہندوؤں کا ملک ہے۔
مسلم بچے اپنے رول ماڈل ٹیچر کی تعصب بھری زبان دیکھ کر افسردہ ہوگئے اور گھر آکر رونے لگے۔ والدین کے پوچھنے پر طلبا نے پورا قصہ سنایا جس پر والدین نے محکمہ تعلیم میں ٹیچر کی شکایت کردی۔
محکمہ تعلیم نےکلاس ٹیچر کا دوسرے اسکول تبادلہ کرکے کارروائی کا حکم دیا اور ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اتر پردیش کے ایک اسکول میں ٹیچر نے ہندو کلاس فیلوز سے مسلم طالب علم کو تھپڑ لگوائے تھے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی تاہم ٹیچر اپنی ڈھٹائی پر قائم رہی تھیں۔