ایک نیوز: نگران وزیر داخلہ سندھ حارث رؤف نے کہا ہے کہ ہم صاف اور شفاف الیکشن کروائیں گے، ہمارے اوپر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں مکلی بائی پاس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں بڑی کارروائیوں کی تیاری کر رہے ہیں، آج کل میں نئے افسران آجائیں گے جس کے بعد آپریشن ہوگا، ہم پیشہ ور اور باکردار اچھے لوگوں کو لگا رہے ہیں جس کے بعد سندھ میں امن آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پورے سندھ میں کارروائیاں ہوں گی، گھوٹگی، کشمور، جیکب آباد، کندھ کوٹ میں آپریشن کی مکمل تیاری کر لی ہے، کچے اور پکے میں سب جگہ آپریشن ہوگا، ہم کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کر رہے، اگر کسی کے خلاف نیب یا دیگر کیسز ہیں تو ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔
حارث نواز نے کہا کہ رانی پور واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، بچوں کو کام کیلئے جو گھروں میں چھوڑ دیتے ہیں واپس کروائیں گے، یہ چائلڈ لیبر میں آتا ہے، جان محمد مہر کے قاتل اس لیے نہیں پکڑے جا رہے کہ ہمیں پتا ہے کہ وہ کہاں پہنچے ہوئے ہیں، تبدیلیوں کے بعد آپ کو ایکشن نظر آئے گا۔
نگران وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی تاریخ ملتی ہے ہم ہدایات جاری کر دیں گے، ہمارے اوپر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے نہ ہم لیں گے، ہمیں ووٹ نہیں چاہئیں، ہمیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔