ایک نیوز: لاہور میں سعودی عرب سے وطن واپس آنے والے شہری کو نوسر بازوں نے لوٹ لیا، متاثرہ شہری کا نام عثمان حیدر بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودہ پلٹ شہری عثمان حیدر سے نوسربازی کا واقعہ لاہور کے علاقے لاری اڈا میں پیش آیا۔ بروقت پولیس کو اطلاع کرنے کے باوجود کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ لاری اڈا کی پولیس نوسر بازوں سے منتھلیاں اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے نوسر بازوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
تاہم پولیس افسر کی جانب سے تھانہ لاری اڈا کے ایس ایچ او اور عملہ کے خلاف نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت لاری اڈا کے علاقہ میں نوسر بازوں کی بھرمار ہے۔
نوسر باز گینگ روزانہ چار پانچ افراد کو نشہ آور شربت پلا کر لوٹتے ہیں۔ اس جرم میں مقامی پولیس کی ان کو بھرپور مدد حاصل ہے۔ ایسے واقعات میں شہری روزانہ لاکھوں روپے سے محروم ہو رہے ہیں۔
حالیہ واقعے میں نوسرباز سعودی پلٹ شہری عثمان حیدر سے 22 لاکھ روپے مالیت کا سامان و نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے 4 افراد کے خلاف نوسر بازی کرنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ شہری عثمان حیدر علامہ اقبال ایئرپورٹ سے لاری اڈا پہنچا تھا۔
پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں متاثرہ شہری نے کہا ہے کہ نوسر بازوں نے نشہ آور شربت پلا کر طلائی زیورات، موبائل فون، نقدی، مہنگے ترین کپڑے و دیگر قیمتی اشیا کو لوٹا اور فرار ہو گئے۔