امریکا، یوکرین کو متنازع ٹینک شکن 'ڈیپلیٹڈ یورینیم' گولہ بارود فراہم کرے گا

Sep 03, 2023 | 09:38 AM

ایک نیوز: بائیڈن انتظامیہ نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو ڈیپلیٹڈ یورینیم پر مبنی متنازعہ ٹینک شکن (armour-piercing) گولہ بارود فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے روسی ٹینکوں کو تباہ کرنے کیلئے یوکرین کو ٹینک شکن ڈیپلیٹڈ یورینیم گولہ بارود فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایسا  بارود  فائر کرنے کیلئے امریکی ساختہ ’ابرامز ٹینک‘ بھی یوکرین بھجوائے جائیں گے۔

امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو 240 سے 375 ملین ڈالرز مالیت کی فوجی امداد فراہم کی جائے گی تاہم پیکج کا حتمی فیصلہ صدر بائیڈن کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کی جانب سے یوکرین کو ڈیپلیٹڈ یورینیم گولہ بارود فراہم کیا گیا تھا تاہم امریکا کی جانب سے پہلی مرتبہ یہ اسلحہ یوکرین بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈیپلیٹڈ یورینیم اسلحہ پر تحفظات کے باعث یہ ہمیشہ سے متنازعہ رہا ہے، عالمی اتحاد اس کے استعمال کو کالعدم قرار دے چکے ہیں کیونکہ یہ ریڈیو ایکٹو ہوتا ہے اور سانس کے ذریعے اس کی خاک انسان کے جسم میں داخل ہونے سے یہ کینسر اور پیدائش میں نقص جیسے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں