ایک نیوز نیوز: بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد 3 روزہ سرکاری دورے پر 5 ستمبر کو بھارت پہنچیں گی۔ شیخ حسینہ واجد کا دورہ بھارت 5 سے 8 ستمبر تک جاری رہے گا۔ جس میں اہم ملاقاتیں کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ سوموار کونئی دہلی پہنچیں گی۔ جہاں پر بھارتی صدر دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے اہم ملاقات کریں گی اور اہم موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بتایا یہ جارہا ہے کہ پیر کے روز ہندوستان پہنچنے پر سب سے پہلے شیخ حسینہ واجد حضرت نظام الدین درگاہ پر حاضری دیں گی اور وہاں زیارت کریں گی۔
منگل کو بنگلہ دیشی وزیراعظم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گی جس کے بعد شیخ حسینہ اور نریندر مودی فریڈم روڈ کا افتتاح بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ فریڈم روڈ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میں رابطہ سڑک ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے اس شاہراہ کو 26 مارچ 2021 کو کھولا گیا تھا۔ اب دونوں ممالک کے سربراہان مملکت اس کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
شیخ مجیب الرحمان بھی 9 اپریل 1946 کو حضرت نظام الدین درگاہ پر حاضر ہوئے تھے۔
اپنے والد اور فیملی کے قتل کے بعد سال 1975 سے 1981ء تک شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہن نئی دہلی میں پناہ گزین رہی تھیں۔
آخری بار 1997 میں شیخ حسینہ نے نظام الدین درگاہ میں حاضر ہوئی تھی اور اس کی زیارت کی تھی لیکن بطور وزیر اعظم وہ پہلی بار نظام الدین درگاہ پر جائیں گی۔