ایک نیوز :اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دیدی۔
نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ضروری اشیاء کی قیمتوں اور سٹاک کے بارے میں تجاویز تیار کرنے کیلئے کور گروپ تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کور گروپ وزارت پلاننگ، تجارت، فوڈ سکیورٹی اور صنعت و پیداوار کے سیکرٹریز پر مشتمل ہوگا، وزارت آئی ٹی نے ٹیلی کام انفراسٹرکچر شئیرنگ فریم ورک کی سمری اجلاس میں پیش کی ہے، نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کی بہتری کیلئے آئی ایم ٹی سپیکٹرم جاری کرنیکی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ان سولڈ آئی ایم ٹی سپیکٹرم کے اجرا کیلئے ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دینے کی منظوری جبکہ طوارقی سٹیل ملز کا نام نیشنل سٹیل کمپلیکس رکھنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ وزارت توانائی کو تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی، فرٹیلائزر پلانٹس کو دی جانے والی گیس کی قیمت کے تعین کیلئے بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، کمیٹی میں وزارت خزانہ، پلاننگ کمیشن، تجارت، فوڈ سکیورٹی، صعنت و پیداوار، پاور اور توانائی شامل ہیں۔