ڈیرہ غازی خان، بچوں کو اغواء کرنے والےبردہ فروشوں کا ٹولہ پکڑا گیا

ڈیرہ غازی خان، بچوں کو اغواء کرنے والےبردہ فروشوں کا ٹولہ پکڑا گیا
کیپشن: Dera Ghazi Khan, gang of child abductors caught

ایک نیوز : پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے بچوں کو اغوا کرنیوالے بردہ فروشں کا ٹولہ پکڑاگیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں نامعلوم خواتین 4 بچوں کو اغواء کرکے روپوش ہوگئیں تھیں ۔ اغوا ہونے والوں میں 04 سالہ فرحان، 03 سالہ نتاشا، 02 سالہ حاشر اور 08 ماہ کا رجب شامل تھے۔ اغوا کاروں نے تین بچوں فرحان ، نتاشا اور حاشر کو ویران قبرستان میں چھوڑا اور رجب کو لے کر فرار ہو گئیں۔ 

پولیس کاکہنا تھاکہ 8 ماہ کے بچے رجب کی بحفاظت بازیابی کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور اغواء کاروں کا مسکن ٹریس کر لیا تاہم اغوا کار فرار ہو گئیں ۔

پولیس کاکہنا تھاکہ ان تھک محنت و جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بچے کی تلاش کا کام جاری رکھا ۔ اغوا کار خواتین عظمی، لاریب، ماہ نور، دعا فاطمہ اور نجمہ کو بچے سمیت جنرل بس سٹینڈ سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔  

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ عظمی نے اپنے شوہر کو بچے کی پیدائش کے متعلق جھوٹ بولا تھا ۔

پولیس کاکہنا ہے کہ بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اغواء کار خاتون اور اس کے سہولت کاروں کو قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔