مکینک نوید ڈاکٹر کی غیرموجودگی میں گردوں کی پیوند کاری کرتا رہا، پولیس تفتیش

Oct 03, 2023 | 12:49 PM

ایک نیوز: گردہ سکینڈل کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ پولیس نے اہم حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے تفتیش میں بتایا ہے کہ آٹھ رکنی گروہ کو سونیا نامی ہیلتھ ورکر کی مکمل  معاونت رہی۔ ڈاکٹر کی غیرموجودگی میں مکینک نوید نے مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری کی۔

پولیس تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ سونیا کا شوہر وحید طاہر پراپرٹی ڈیلر اور گردہ فروشوں کا بندوبست کرتا تھا۔ ڈاکٹر فواد کا فرنٹ مین شوکت معذور شخص ہے۔ جس نے 65 ملکی و غیر ملکی خریداروں کے گردے ٹرانسپلانٹ  کروائے۔ 

پولیس تفتیش میں کہا گیا ہے کہ لیاقت نامی شخص اپنا گردہ اسی گینگ کو فروخت کرکے اہم کارندہ بن گیا، پندرہ سال قبل گردہ فروخت کرنے والے لیاقت نے مزید 15 افراد کے گردے خریدے۔ فاروق نامی شخص نے بھی اپنا گردہ بیچ کر گینگ کی رکنیت حاصل کی۔ 

پولیس تفتیش میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر فواد کی غیر موجودگی میں مکینک نوید مریضوں کی سرجریز کرتا رہا، مکینک نوید نے گردوں کی پیوندکاری کی تربیت ڈاکٹر فواد سے حاصل کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فواد سمیت گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں