بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی ، حریت رہنما کی بگڑتی صحت پر تشویش

Oct 03, 2022 | 19:18 PM

ایک نیوز نیوز : پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے حریت رہنما الطاف احمدشاہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صحت پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حریت رہنما الطاف احمدشاہ گزشتہ پانچ سال سے بد نام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے حریت رہنما الطاف احمد شاہ کو طبی سولیات فراہم نہ کرنے پر پاکستان کو تشویش ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو یاد دلایا گیا کہ حریت رہنما الطاف احمدشاہ کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔طبی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی صحت تشویشناک ہوگئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کے علم میں لایا گیا کہ بھارتی حکومت کی لاپرواہی کے باعث حریت رہنما الطاف احمد شاہ کا کینسر پورے جسم میں پھیل رہا ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ حریت رہنما الطاف احمدشاہ کی فیملی کی طرف سے بار بار اپیل کی گئی،بھارتی وزیراعظم کے نام خطوط بھی لکھے گئے۔ بھارتی ناظم الامور کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا کہ حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی فیملی کی تمام کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت نے الطاف احمد شاہ کی صحت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔
 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کے موقع پر انہیں بتایا گیا کہ حریت رہنما الطاف احمدشاہ کو تاحال ہسپتال داخل نہیں کرایا جا سکا جو کہ بھارتی حکومت کی بے رحمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بیماری کی شدت کا اندازہ کرنے کے لئے ڈاکٹرز متعدد بار الطاف احمد شاہ کے طبی معائنے کی ایڈوائس کر چکے ہیں۔ بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بھارتی حکومت حریت رہنما الطاف احمدشاہ کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دے رہی۔ 
 بھارتی حکومت کے امتیازی رویے سے ثابت ہوتا ہے کہ حریت رہنما الطاف احمد شاہ کو حریت لیڈر سید علی گیلانی کا داماد ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ بھارتی ناظم الامور پاکستان کی تشویش سے اپنی حکومت کو آگاہ کریں۔ بھارتی ناظم الامور اپنی حکومت تک پاکستان کا یہ مطالبہ  پہنچائیں کہ حریت رہنما الطاف احمد شاہ کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزیدخبریں