مشرف کیخلاف فیصلہ دینے والی خصوصی عدالت سے متعلق اپیلیں مقرر

Nov 03, 2023 | 22:23 PM

ایک نیوز : سپریم کورٹ نے مشرف کیخلاف فیصلہ دینے والی خصوصی عدالت سے متعلق اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بینچ 10 نومبر کو سماعت کرے گا۔بینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہرمن اللہ شامل ہیں۔
پرویزمشرف نےخصوصی عدالت کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تھی، پرویزمشرف کو سزا سنانے والی خصوصی عدالت کو غیرآئینی قرار دینے کے خلاف بھی اپیلیں دائرہوئی تھیں۔
جنوری 2020 میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے خصوصی عدالت غیر آئینی قرار دے دی تھی۔
خصوصی عدالت ختم کرنےکے لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بارکونسل نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
حافظ عبدالرحمان انصاری اورتوفیق آصف نےبھی لاہورہائی کورٹ کےفیصلےکےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
17 دسمبر 2019 کو جسٹس وقارسیٹھ، جسٹس نذراکبراورجسٹس شاہدفضل کریم پرمشتمل خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کوسزائےموت سنائی تھی۔

مزیدخبریں