ایک نیوز :سابق وزیراعظم شہبازشریف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کوخوش آئندقرار دیدیا۔
صدر مسلم لیگ شہبازشریف کا عدالتی فیصلے کے ردعمل میں کہنا تھاکہ انتخابات کے بعد عوامی قیادت آئے گی تو عوام کی زندگی میں خوش حالی آئے گی ۔مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں عوام کی عدالت میں جانے کو تیار ہے۔قومی اسمبلی تحلیل کرنے والوں کو سپریم کورٹ نےجرم کی سنگینی بتا دی ۔3 اپریل اور 9 مئی کے جرم کی سزا آئین و قانون کی سربلندی اور ریاست کی عملداری کا معاملہ ہے۔
شہبازشریف کاکہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کا عمل شروع کیا ۔پارٹی کا الیکشن سیل، پارلیمنٹری بورڈز، منشور کمیٹی کی تشکیل ہو چکی ہے، یکم نومبر سے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع کی جا چکی ہے۔یہ تمام اقدامات عکاسی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) الیکشن کے لئے تیار ہے ۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ملک میں ترقی کا عمل پھر شروع کریں گے ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ 2018 میں ملک ترقی کی جس بلندی پر تھا، نہ صرف اسی مقام پر واپس لائیں گے بلکہ وہاں سے آگے لے کر جائیں گے ۔ملک میں دوبارہ امن لائیں گے، توانائی بحران کا خاتمہ، بے روزگاری اور مہنگائی سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔نوجوانوں کی ترقی، کاروبار اور ہنرمندی کا دور پھر سے شروع ہو گا ۔