نئی دہلی: اسموگ ایمرجنسی نافذ، پرائمری تعلیمی ادارے 2 روز کیلئے بند

نئی دہلی: اسموگ ایمرجنسی نافذ، پرائمری تعلیمی ادارے 2 روز کیلئے بند
کیپشن: New Delhi: Smog emergency enforced, primary educational institutions closed for 2 days

ایک نیوز: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی سموگ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جس کے تحت تمام پرائمری اسکول 2 روز کے لئے بند کردیے گئے ہیں جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں پرپابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہلکی اور بھاری گاڑیوں اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوع قراردیدیا گیا ہے۔

وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں آلودگی کی سطح 'سنگین' زمرے کے قریب پہنچ  جانے پر سوشل میڈیا ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کرکے سموگ ایمرجنسی کے نفاذ کی اطلاع دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دہلی-این سی آر میں گریپ 3 پابندیاں لاگو کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے ضروری سرکاری پروجیکٹوں، کان کنی اور پتھر توڑنے کے علاوہ تعمیرات اور انہدام کا کام مکمل طور پر بند رہے گا۔ اس کے علاوہ دہلی سے باہر رجسٹرڈ ہلکی تجارتی گاڑیوں اور ڈیزل والے ٹرکوں اور درمیانے اور بھاری سامان کی گاڑیوں (سوائے ضروری خدمات میں شامل گاڑیوں) کے داخلے پر پابندی رہے گی۔

موسم ایجنسی aqicn.org نے کہا کہ دہلی کے آنند وہار میں AQI 999 تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ نوئیڈا کے سیکٹر 62 میں یہ 469 ریکارڈ کیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق دہلی میں زیادہ تر مقامات پر AQI 500 سے زیادہ رہا۔ دہلی، نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں آلودگی کی سطح بڑھنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ 

یہ تشویشناک ہے کیونکہ کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس پہلے ہی 400 سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے بچوں اور بوڑھوں میں دمے اور پھیپھڑوں سے متعلق پریشانیاں بڑھ سکتی ہیں۔