ملک بھر میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری
کیپشن: A series of crackdowns against illegally staying foreigners continues across the country

ایک نیوز: کراچی سمیت ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کر کے درجنوں غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جارہا ہے جہاں سے بسوں کے ذریعے چمن بارڈر تک پہنچایا جائے گا۔ 

آپریشنل ہیڈ ہولڈنگ سینٹر نے بتایا ہے کہ دو دن میں کل چھ سو افراد کو یہاں لایا گیا۔ گزشتہ روز 112غیر قانونی تارکین وطن کو کراچی سے بھیجا گیا ہے۔ 77 غیر قانونی تارکین وطن  اس وقت بھی ہولڈنگ سینٹر میں موجود ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ مختلف علاقوں سے مشتبہ افراد کو یہاں لایا جارہا ہے۔ ہولڈنگ پوائنٹ پر مشتبہ افراد کے کوائف کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں ہولڈنگ پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ یومیہ بنیادوں پر غیر قانونی تارکین کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔

کراچی: غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن

کراچی میں سہراب گوٹھ سے ملحقہ علاقوں سے 118 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے افراد ایس ایس پی ایسٹ آفس منتقل کردیے گئے۔ 

بتایا گیا ہے کہ تمام افراد کے پاس ڈاکومنٹس موجود نہیں تھے۔ حراست میں لئے گئے افراد میں 40 خواتین بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔

پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جارہے ہیں۔

راولپنڈی میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن:

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک سے 700 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا، حراست میں لئے گئے غیر ملکیوں کو مختلف ہولڈنگ سینٹرز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ضلع راولپنڈی سے 350 سے زائد غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا، راولپنڈی سے 33 غیر ملکیوں کو خیبر پختونخواہ ڈی پورٹ کردیا گیا ہے، راولپنڈی کے ہولڈنگ سینٹر میں 104 غیر ملکیوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔ 

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے غیر ملکیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے کوائف کی تصدیق کا عمل جاری ہے، جن غیرملکیوں کے کوائف درست نہیں ان کو خیبرپختونخواہ حکومت کے حوالے کیا جارہا ہے۔

ہولڈنگ سینٹرز میں ایف آئی اے، نادرا اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موجود ہیں، ایک ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم غیرملکی رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جاچکے ہیں، ہولڈنگ سینٹرز میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی رضاکارانہ آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، خواتین اور بچوں کیلئے ہولڈنگ سینٹرز میں قیام اور صحت کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

افغان شہریوں کی سامان واپس نہ کرنے کی شکایت، آئی جی اسلام آباد کا نوٹس:

وطن واپس جانے والے افغان شہریوں کا سامان واپس نہ کرنے کی شکایت پر اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے افسران کو معطل کر دیا ہے۔

جمعے کو اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایچ او تھانہ شالیمار، ایڈمن افسر اور اے ایس آئی کے محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پولیس افسران کے رویوں، اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کے حوالے سے کسی بھی شکایت کے لیے آئی سی سی پی او کے شکایات سیل 1715 پر اطلاع دیں۔‘

چونیاں سے غیرقانونی افغانی گرفتار:

چونیاں کے علاقے تھانہ الہ اباد سے 12 اور چھانگامانگا سے 20 افغانی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ گرفتار 32 افغان باشندوں کو قصور ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

پکڑے گئے افغانیوں کی بائیو میٹرک کی جائے گی غیر قانونی طور پر رہنے والوں کو افغانستان ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ 

میانوالی میں بھی غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف انتظامیہ متحرک:

میانوالی میں بھی افغان باشندوں کے انخلاء کو لیکر انتظامیہ متحرک ہے۔

ترجمان میانوالی پولیس کے مطابق میانوالی سے بھی افغان باشندوں کا انخلاء جاری ہے۔ میانوالی سے ابتک کل 48 افغان باشندے اپنے ملک جاچکے۔ افغان باشندوں میں 1 افغان عورت اور 47 افغان مرد شامل ہیں۔ 

5 غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندے اس وقت ہولڈنگ کیمپ میں موجود ہیں۔ جن کو آج افغانستان واپس بھیجا جارہا ہے۔