ایک نیوز: اے این ایف انٹیلیجنس اور منشیات سمگلروں کے مابین جہلم میں خونی مقابلہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ منشیات اسمگلروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اے این ایف اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران 343 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی گئیں جبکہ ایک زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا اور ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس اطلاع پر دینہ چیک پوسٹ پر سوزوکی مہران گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ملزمان نے گاڑی روکنے کی بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اے این ایف ٹیم نے پیچھا کرتے ہوئے گاڑی کو ڈومیلی چوک جہلم کے قریب رُکنے پر مجبور کیا۔
اسی اثناء میں ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں اے این ایف اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اے این ایف اہلکار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
اے این ایف حکام کے مطابق تلاشی لینے پر گاڑی سے 277 کلو 200 گرام چرس اور 67 کلو 200 گرام افیون برآمد کرلی گئی ہے۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔