ورلڈ کپ:نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست، افغانستان سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل

Nov 03, 2023 | 19:53 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: آئی سی سی  ورلڈکپ  کے 34 ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو  7 وکٹوں سے شکست دے کر  ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

لکھنؤ میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز  نے ٹاس جیت کر  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔نیدر لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کیلئے 180رنز کا ہدف دیا ۔

نیدرلینڈز کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر ویسلے بیریسی اور میکس اوڈاؤڈ نے کیا تاہم ویسلے بیریسی  میچ کے پہلے اوورز میں ہی مجیب الرحمان کی پانچویں گیند پر ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد رحمت اللہ عمر زئی نے میکس اوڈاؤڈ کو 42 رنز بنانے کے بعد  رن آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد نیدرلینڈز کے کولن ایکرمین  29 رنز،  اسکاٹ ایڈورڈز صفر ، بیسڈی لیڈی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،  وین ڈر مروے11، وین میکرین 4  اور ثاقب ذوالفقار نے 3 رنز اسکورکیے جبکہ  آریان دت 10 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 نیدرلینڈز کی طرف سے سائبرانڈ 58 رنزبناکرٹاپ اسکورر رہے۔افغان بولرز کے سامنے نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں آل آؤٹ ہوگئی۔افغانستان کے محمد نبی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، نوراحمد نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیدرلینڈز کا 180 رنز کا ہدف افغانستان نے با آسانی 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی 56 اور عظمت اللہ عمرزائی 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ رحمت شاہ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ ابراہیم زدران 20 اور رحمان اللہ گرباز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ افغانستان نے نیدرلینڈز کے خلاف جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔ جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا اور نیوزلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

افغانستان 7 میچز میں 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا چھٹا نمبر ہے۔

مزیدخبریں