افغان شہریوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری 

Nov 03, 2023 | 09:16 AM

ایک نیوز: 31 اکتوبر تک غیرقانونی غیرملکیوں کو ڈیڈ لائن دینے کے بعد اب ان کا محفوظ انخلاء حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ چمن اور طورخم بارڈر سے روزانہ ہزاروں غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کے پی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی افراد کے لئے عارضی ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ 1 نومبر 2023 کو افغان شہریوں کی بڑی تعداد اپنے وطن واپسی کے لئے روانہ ہوئی۔ طورخم بارڈر پر وطن واپسی کے لئے افغان باشندوں کی بھاری تعداد موجود ہے۔ 

ایف سی نے افغان متعلقہ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی اتفاق سے طورخم بارڈر آج کے لیے رات11 بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

2 نومبر کو 19344 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔ 19344 افغان شہریوں میں 6255 مرد، 4706 خواتین اور 8383 بچے شامل تھے۔ 

افغانستان روانگی کے لیے430 گاڑیوں میں 1453 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اب تک کل 162,479 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

مزیدخبریں