پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلاء کا عمل جاری 

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلاء کا عمل جاری 
کیپشن: Evacuation of Afghan citizens illegally residing in Pakistan continues

ایک نیوز: پولیس اور رینجرز کی غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلاء کے لیے پیش قدمی و عملی اقدامات جاری ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سلطان آباد ہوسٹل حاجی کیمپ، امین ہاؤس بوائے سکاؤٹ ہاسٹل اور جیکب آباد جم خانہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 3 نومبر تک ازخود انخلاء کے حوالے سے مسجدوں میں مسلسل اعلانات کیے جارہے ہیں۔ 

اب تک مجموعی طور پر 227 افراد جن میں 7 خاندان بھی شامل ہیں۔ ازخود بوائز ہوسٹل سلطان آباد کراچی میں منتقل ہو چکے ہیں۔ 8 اکتوبر سے اب تک 617 خاندان اور 4208 غیر قانونی افراد کراچی و سندھ سے چمن کے راستے افغانستان جا چکے ہیں۔ 

حکومتی ڈیڈلائن کے پیش نظر ملک بھر سے غیر قانونی افغان شہریوں کی اپنے ملک واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر قانونی افغان باشندے ٹرانزٹ پوائنٹس میں پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ 

ٹرانزٹ پوائنٹس میں خوراک، بستر اور میڈیکل سہولیات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ نادرا اور ایف آئی اے کے ویریفیکیش آفس بھی ٹرانزٹ پوائنٹس میں موجود ہیں۔ نادرا اور ایف آئی اے کے اہلکار مسلسل غیر قانونی افراد کی جانچ پڑتال میں مصروف ہیں۔ ٹرانزٹ پوائنٹس میں موجود افغان باشندوں نے دی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔