لانگ مارچ فائرنگ واقعہ، راناثناءاللہ نے جے آئی ٹی کا مطالبہ کردیا

لانگ مارچ فائرنگ واقعہ، راناثناءاللہ نے جے آئی ٹی کا مطالبہ کردیا
کیپشن: Long March firing incident, Ranasanaullah demanded JIT(file photo)

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق راناثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑنے والے کارکن کی ستائش کرتا ہوں۔ سیاسی لوگ ہیں شائستگی پر یقین رکھتے ہیں۔ ایسے ذہن، سوچ کی ہمیشہ ہم نے مذمت، مخالفت کی ہے، برا کہا ہے، برا جانا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کو یقین دہانی کروائی ہے کہ معاملے کی انکوائری میں جس قسم کی مدد درکار ہو، وفاقی حکومت دے گی۔ وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی تفتیش کے لیے سینئر آفیسرز پر مشتمل جے آئی ٹی فوری تشکیل دی جائے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ فواد چودھری صاحب دوسروں کے گھروں پر حملے کروائیں گے تو آپ کے گھر بھی بچ نہیں سکیں گے۔ جو آگ لگانے کی کوشش کررہے ہیں، اس آگ میں آپ بھی جلیں گے۔ افسوس کی بات ہے کہ اسد عمر نے عمران خان کی جانب سے بیان میں راناثناءاللہ اور وزیراعظم کو نامزد کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں تو کچھ آپ کے بھی خلاف ہوجاتے ہیں۔ عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کو گھٹیا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ لوگوں کو افراتفری انتشار پر اکسانا شروع کیا ہے۔ جو بھارتی میڈیا باتیں کررہا ہے۔ وہ آپ نے یہاں کرنا شروع کردی ہیں۔