ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ ساتویں روز بھی جاری تھا۔ جہاں وزیرآباد سے گزرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کی خبر سنتے ہی ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر سے احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔ عوام کا غم وغصہ واقعے کے بعد بڑھتا جارہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان سمیت ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے اہم شاہراہوں پر دھرنا دے دیا ہے۔
ادھر لاہور میں پی ٹی آئی کارکن اور مقامی قیادت لبرٹی چوک میں اکٹھی ہوچکی ہے۔ کارکنوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ اور وہ چیئرمین عمران خان کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اسی طرح دیگر شہروں سے بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں مظاہرین نے شاہراہ فیصل نرسری، ماڑی پور روڈ پر شنواری ہوٹل آنے جانیوالے روڈ، حب ریور روڈ ڈبہ موڑ کے قریب اور ناردرن بائی پاس بھی بلاک کردیا۔
اس کے علاوہ فائیو اسٹار چورنگی، قیوم آباد، ویٹا چورنگی، سنگر چورنگی، منزل پمپ قائد آباد اور سوئیڈش کالج پر بھی پی ٹی آئی کے کارکنان جمع ہوگئے جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
راولپنڈی سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کی کال پر تحریک انصاف کے کارکن علامہ اقبال پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے احتجاج کیا۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے بنوں میرانشاہ روڈ کو ٹائر جلاکر ٹریفک کے لئے بند کردیا جبکہ مردان میں کالج چوک پر احتجاج کیا گیا۔