ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ ذخائر اور درکار ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ نے گندم کے ذخائر کی پوزیشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے زیادہ پیداوار دینے والے بیج بونے کے لئے بھرپور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلی پرویز الہیٰ نے کہا اس ضمن میں کاشتکاروں کی آگاہی کے لیے موثر انداز سے مہم چلائی جائے۔ پنجاب کو گندم میں خود کفیل بنائیں گے، 2008 میں جب انہوں نے وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑا تو محکمہ خوراک کے ذمہ کوئی قرض نہیں تھا، ان کے سابق دور حکومت میں پنجاب کا بجٹ سرپلس تھا ، مسلم لیگ ن کی حکومت کی نااہلی سے قرضوں کا بوجھ بڑھتا چلا گیا، ن لیگ کی حکومت کی نالائقی سے سرپلس بجٹ والا صوبہ قرضوں کے گرداب میں پھنس گیا ۔ انشاءاللہ پنجاب کے محکمہ خوراک کو دوبارہ مضبوط بنائیں گے اور قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کریں گے۔
صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری، صوبائی وزیر خوراک حسنین بہادر دریشک، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔