سارہ انعام قتل کیس:شاہنواز امیرکی والدہ کی ضمانت منظور

Nov 03, 2022 | 09:00 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز  امیر کی والدہ ملزمہ ثمینہ شاہ کی ضمانت عدالت نے منظور کرلی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم کی والدہ ثمینہ شاہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کے معاملےکی سماعت ہوئی۔

وکیل ملزمہ کا کہنا تھا کہ ثمینہ شاہ نے پولیس کو  وقوعہ کے حوالے سے آگاہ کیا، ملزمہ نے پولیس کے ساتھ تفتیش میں تعاون کیا، تھانے بھی پہنچیں، ملزمہ نے کوئی جرم نہیں کیا، ملزمہ سے کوئی چیز  برآمد نہیں ہوئی۔

مدعی وکیل کا کہنا تھا کہ  آئین پاکستان کے مطابق ہر شہری کی ذمہ داری ہےکہ جرم کے حوالے سے پولیس کو آگاہ کرے، ملزمہ جائے وقوعہ پرموجود تھیں لیکن پولیس کو آگاہ کرنے والی پہلی فرد نہیں تھیں، ریکارڈ کے مطابق ملزمہ کو معلوم تھا مقتولہ گھرپر موجود ہے، ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے مقتولہ کو ان کی مرضی کے بغیر گھرپر رکھا گیا، ملزمہ نے تفتیش میں تعاون کیا، نہیں کہا جاسکتا کہ ملزمہ نے تفتیش میں دھوکا دیا۔

مدعی وکیل نے ملزمہ ثمینہ شاہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنےکی استدعا جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 وقفےکے بعد عدالت نے 10 لاکھ روپےکے مچلکے جمع کرانےکی ہدایت کرتے ہوئے ملزمہ ثمینہ شاہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظورکرلی۔

مزیدخبریں