ایک نیوز نیوز :عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غیر صحت مندانہ طرز زندگی کے باعث ایک طرف لاکھوں پاکستانی بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب 6 سے 8 فیصد اسکول جانے والے بچے موٹاپے اور وزن کی زیادتی کا بھی شکار ہیں۔
تفصیلات کےمطابق عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر پالی ماہی پالا نے مقامی ہوٹل میں جاری لائف اسٹائل میڈیسن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 50 فیصد خواتین غیر صحت مندانہ طرز زندگی اور ورزش نہ کرنے کے سبب موٹاپے کا شکار ہو کر غیر متعدی امراض میں مبتلا ہو رہی ہیں۔گزشتہ ایک دہائی میں ہمارا طرز زندگی انتہائی حد تک تبدیل ہوا ہے اور جسمانی جمود کے نتیجے میں دنیا بھر میں غیر متعدی امراض میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سالانہ ساڑھے 5 کروڑ افراد جاں بحق ہوتے ہیں جن میں سے 4 کروڑ 10 لاکھ یا تقریبا 70 فیصد غیر متعدی امراض بشمول دل کی بیماری، ذیابطیس، ہائی بلڈ پریشر، کینسر اور دیگر بیماریوں کی پیچیدگیوں کے نتیجے میں جاں بحق ہو رہے ہیں۔