بھارت؛ کانگریس رہنما کے درخت میں چھپائے1کروڑ روپے برآمد

بھارت؛ کانگریس رہنما کے درخت میں چھپائے1کروڑ روپے برآمد
کیپشن: India; Rs 1 crore found hidden in Congress leader's tree

ایک نیوز:بھارت کی بانی جماعت کانگریس کے کرناٹک کے رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپے کے دوران درخت میں چھپائے گئے 1 کروڑ روپے برآمد کرلیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو الیکشن ہونے والے ہیں تاہم اس سے قبل ہی سیاسی گہماگہمی اور سنسنی اپنے عروج پر ہے اور اس میں بھونچال اس وقت آیا جب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کانگریس رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپا مارا۔

 بھارتی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کرناٹک کے شہر میسور سے الیکشن لڑنے والے کانگریس کے امیدوار اشوک کمار کے بھائی سبرامنیا رائے کے گھر پر چھاپا مارا اور جامع تلاشی لی۔

  تلاشی کے دوران انکم ٹیکس اہلکاروں کو گھر میں لگے آم کے درخت کے تنے پر چھپائے گئے ڈبے سے ایک کروڑ روپے ملے جنھیں تحویل میں لیکر کانگریس رہنما کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔

 کانگریس رہنما نے اس کارروائی کو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے چند روز قبل کی گئی اس کارروائی کا مقصد انھیں الیکشن میں شکست دلوانا ہے۔

دوسری جانب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ چھاپا کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے تسلسل کا ایک حصہ ہے جس کا آغاز اپریل سے ہوا تھا اور بنگلورو سے دو افراد کو کڑوروں روپے چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اسی طرح ریئل اسٹیٹ کا کام کرنے والے معروف بلڈر کو بھی بھاری رقم سمیت گرفتار کیا گیا اور بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ایک اور سیاسی رہنما کے بیٹے کے اسکول پر بھی چھاپا مارا گیا تھا۔

انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے مطابق اُس چھاپے میں اسکول سے کروڑوں روپے برآمد کیے گئے تھے جنھیں ٹیکس بچانے کے لیے چھپایا گیا تھا۔