الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا:پی ٹی آئی  کی سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع   

الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا:پی ٹی آئی  کی سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع   
کیپشن: Could not agree on the date of election: PTI submits report in Supreme Court

ایک نیوز: الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا،سپریم کورٹ میں ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن کرانے کے معاملے میں پی ٹی آئی نے حکومت کیساتھ ہوئے مذاکرات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔

تحریک انصاف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے حکومت سے مذاکرات کیے، ایک روز الیکشن کرانے پر اتفاق ہوا، لیکن تاریخ پر متفق نہ ہوسکے، اب سپریم کورٹ ایکشن لے، چودہ مئی کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کرائے۔ تحریک انصاف ایک ہی روز انتخابات کیلئے تیار ہے بشرطیکہ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں کو 14  مئی یا اس سے پہلے تحلیل کر دیا جائے۔

 پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی متفرق درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 3 ادوار ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی نے ہر ممکن حد تک لچک دکھائی۔

متفرق درخواست میں گزشتہ رات مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کی تفصیلات بھی شامل کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کرانے کی تاریخ پر حکومتی اتحاد اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اتفاق نہ ہوسکا اور مذاکرات کا تیسرا دور بھی بریک تھرو کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔

مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں ایک دن الیکشن ہونے چاہیے تاہم ایک ساتھ الیکشن کی تاریخ اور اسمبلیوں کی تحلیل پر اتفاق نہ ہوسکا۔

  مذاکرات کے تیسرے دور کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا حکومت کی جو سوچ کل دیکھی اگر وہی رہتی ہے تو مذاکرات کی مزید نشستیں بے معنی دکھائی دیتی ہیں۔جو کچھ کہنا تھا اور جو میز پر رکھنا تھا وہ ہم نے مذاکرات میں رکھ دیا، حکومتی حلقوں نے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، مذاکرات سے پہلے خواجہ آصف، جاوید لطیف کی گفتگو دیکھ لیں، مولانا فضل الرحمان کا رویہ دیکھ لیں، حکومتی نمائندوں کے رویوں اور گفتگو کے باوجود ہم نے کوشش کی۔