آزادیِ صحافت کے عالمی دن پر ارشد شریف کیلئے پریس فریڈم ایوارڈ

آزادیِ صحافت کے عالمی دن پر ارشد شریف کیلئے پریس فریڈم ایوارڈ
کیپشن: Press Freedom Award for Arshad Sharif on World Press Freedom Day

 ایک نیوز : پاکستان پریس فاؤنڈیشن (پی پی ایف) نے مقتول صحافی ارشد شریف کو ’پریس فریڈم ایوارڈ برائے 2023‘ سے نوازا ہے۔

پاکستان پریس فاؤنڈیشن نے کہا کہ کینیا میں ارشد شریف کا قتل ’ پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کی واضح یاد دہانی ہے۔‘

واضح رہے کہ ارشد شریف کو گذشتہ برس اکتوبر میں افریقی ملک کینیا کے شہر نیروبی کے مضافات میں پولیس نے ان کی گاڑی پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ کینیا کی پولیس نے بعد میں کہا تھا کہ ’یہ قتل غلط شناخت کی وجہ سے ہوا۔تاہم اس واقعے کی تحقیقات کرنے والی پاکستانی تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کی جانب سے دسمبر 2022 میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ارشد شریف کا قتل ایک ’منصوبہ بندی کے ساتھ اور ٹارگٹڈ قتل‘ تھا۔اس واقعے پر دنیا بھر کے میڈیا میں خبریں شائع ہوئیں اور سول سوسائٹی، میڈیا اور سیاسی حلقوں میں غم و غصے کو جنم دیا۔

قتل کے اس المناک واقعے نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی سینسرشپ اور آزادی صحافت کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ملک میں صحافیوں کو درپیش خطرات پر بھی روشنی ڈالی۔

پاکستان پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا: ’ پاکستان میں بطور صحافی ارشد شریف کے تجربات مشکلات سے بھرپور تھے، جن میں ہراساں کرنے اور قانونی مقدمات شامل تھے۔’ان کا ملک چھوڑنے کا حتمی فیصلہ اور اس کے نتیجے میں کینیا میں قتل پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کی واضح یاد دہانی ہے۔‘