ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران ناخوشگوار واقعے پر معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سینئر سیاستدان و مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور الٰہی روڈ پہنچے۔ جہاں انہوں نے زخمی ہونے والے سالک حسین کی خیریت دریافت کی۔ چیف سیکرٹری۔ انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے سالک حسین اور شافع حسین سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں۔ ہم عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب تھے۔ آج صبح ہی لاہور واپس آیا ہوں۔ اطلاع ملتے ہی فوری تفصیلات حاصل کیں اور انکوائری کا حکم دیا۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین ہوگا اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ پرویزالٰہی کے کارکنوں نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا۔ کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے رہائش گاہ آمد پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔