ایک ارب سال پرانا نایاب ہیرا فروخت کیلئے پیش

ایک ارب سال پرانا نایاب ہیرا فروخت کیلئے پیش

ایک نیوز: نیویارک میں دنیا کے قدیم اور نادر ہیرے لگونا بلیو کی فروخت کا اعلان کر دیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق 1970 میں دریافت کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب غیر معمولی قیمتی پتھر فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔جواہرات کی نیلامی کرنے والی کمپنی سوتھبی نے اس کے بارے میں بتایا کہ فطرت کے آغاز کے ساتھ ایک ارب سال پہلے یہ ہیرا اپنی خام شکل میں پیدا ہوا تھا جو وقت گزرنے کے ساتھ نیلے رنگ میں روشن ہو گیا۔یہ قیمتی ہیرا یکم مئی 2023 کو میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر پیش کیا گیا تھا۔ اس ہیرے کو 12 سے 16 مئی تک جنیوا میں سوتھبی کے لگژری ویک میں نمائش اور فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

نیلامی کے منتظمین پر امید ہیں کہ ہیرا 25 ملین ڈالر سے زیادہ میں فروخت ہوگا ،اس کا وزن صرف 2 گرام 11.16 قیراط ہے۔ نیلا ہیرا یورپی مجموعہ میں 50 سال سے زیادہ عرصے سے موجود ہے اور اسے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف امریکا کی جانب سے نیلے ہیرے کے لیے اعلیٰ ترین درجہ دیا گیا ہے۔ناشپاتی کی شکل کے نیلے ہیرے کا غیر معمولی رنگ اور چمک دمک اسے تین گنا زیادہ نایاب بنا دیتا ہے۔

نیلا ہیرا ہیروں کی بہترین قسم مانا جاتا ہے۔ زمین لاکھوں سال تک اس کی پرورش کرتی ہے  اس دوران بورون کیمیائی جزو اور کرسٹل کا ملاپ ہوتا ہے اور انتہائی گہرائی میں اعلی دباؤ کے ساتھ مخصوص ارضیاتی حالات کے درمیان اس ہیرے کا جنم ہوتا ہے۔عام ہیرے کی نسبت اس میں بورون کی کثافت زیادہ ہوتی ہے اسی طرح یہ عام ہیرے سے چار گنا زیادہ گہرائی میں پیدا ہوتا ہے۔

سوتھبائی میں زیورات کے شعبے کےماہر اولیور ویگنر  نے اسے حقیقی عجائبات  کے طور پر بیان کیا۔نیلے ہیرے کسی بھی قسم کے اور کسی بھی سائز کے ہوں نایاب شمار ہوتے ہیں۔ ان میں سے بھی 5 قیراط سے زیادہ کے نیلے ہیرے نادر اور 10 قیراط سے زیادہ کے ہیرے نایاب ترین ہیں۔دنیا میں 10 قیراط سے زیادہ کے بہت کم ہیرے نیلامی کے لیے آئے ہیں جن میں ایک بیئر بلیو 15.1 قیراط وزنی ہیرے کو دبئی میں پیش کیا گیا تھا۔

امریکی جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ میں جواہرات کے ماہر ڈاکٹر ایون اسمتھ نے 2019 میں ماہرین ارضیات کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر دنیا کے نادر 46 نیلے ہیروں کا مطالعہ کیا تھا وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ لگونا بلو ایک ارب سال سے زیادہ پرانا ہے اگر اس کا ماخذ جنوبی افریقہ میں کولینن نامی ایک مشہور کان ہو،جو نیلے ہیروں کے لیے امیر ترین کان مانی جاتی ہے۔