کچے میں پولیس آپریشن 25ویں روز جاری،کانسٹیبل شہید

کچے میں پولیس آپریشن 25ویں روز جاری،کانسٹیبل شہید

ایک نیوز:  پنجاب پولیس کا کچے میں گرینڈ آپریشن 25 ویں روز بھی جاری ہے، عمرانی اور قیصرانی  گینگز کے 5 کارندوں نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا جبکہ ایک کانسٹیبل شہید ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے کچے میں گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر سرنڈر کرنے لگے ہیں جبکہ ایک ایلیٹ فورس کانسٹیبل شہید ہو گیا ہے۔ آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل غلام قاسم شہید  ہوا ہے۔ غلام قاسم شہید کو ڈاکوؤں کیطرف سے فائرنگ میں سر پر گولی لگی ہے۔ لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےکچے آپریشن میں شہید ہونے والے ایلیٹ اہلکار غلام قاسم کو شاندار خراج عقیدت پیش کی۔

آئی جی پنجاب  کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے جانباز غلام قاسم نے فرض کی راہ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔  پاکستانی قوم غلام قاسم شہید کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ پنجاب پولیس ایسے ہی سینکڑوں بہادر شہداء اور غازیوں کی امین فورس ہے ۔ 

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 05کارندوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہےجس کے بعد آپریشن میں گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی  اور 3 ڈاکو مقابلوں میں کیفر کردار تک پہنچے۔ سرنڈر کرنے والوں میں اقبال قیصرانی، علی نواز عمرانی، عبدالعزیز عمرانی، عبدالرشید عمرانی اور شاہد عمرانی بلوچ شامل ہیں۔ ملزمان ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ سرنڈر کرنے والوں ملزمان کے مقدمات میرٹ اور انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے۔پولیس جوانوں کا مورال بلند ہے،پولیس ٹیمیں ٹارگٹڈکاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کچے کے علاقے سے کریمنلز کا مکمل خاتمہ مشن ہے، ریاست کی رٹ ہرصورت بحال کریں گے۔ کچے کے ڈاکوؤں کا سرنڈر کرنا پولیس کی مسلسل جدوجہد اور موئثر  کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے۔