پرویز الہٰی کےگھر آپریشن:اینٹی کرپشن کے 3 افسروں کو توہین عدالت کےشوکاز نوٹس

پرویز الہٰی کےگھر آپریشن:اینٹی کرپشن کے 3 افسروں کو توہین عدالت کےشوکاز نوٹس
کیپشن: آپ نے آن ریکارڈ کہا اگر توہین عدالت ہو گی تو دیکھ لیں گے، اس پر کیا کہتے ہیں؟لاہور ہائیکورٹ

ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدرچودھری  پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر آپریشن کرنے پر توہین عدالت درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت اینٹی کرپشن کے 3 افسروں کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کردیے۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کہ بتائیں آپ نے عدالتی حکم سے متعلق کیا ریمارکس دیئے تھے؟آپ نے آن ریکارڈ کہا اگر توہین عدالت ہو گی تو دیکھ لیں گے، اس پر کیا کہتے ہیں؟

تفصیلات کے مطابق حفاظتی ضمانت کے باوجود گرفتاری کیلئے چھاپہ مارنے پر پرویز الٰہی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،پرویز الٰہی نے اینٹی کرپشن حکام کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی،ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ حفاظتی ضمانت کے باوجود کیسے گرفتاری کیلئے گئے ؟

سرکاری وکیل نے کہاکہ جس مقدمے میں گرفتاری کیلئے گئے اس میں حفاظتی ضمانت نہیں،غلط فہمی کی بنیاد پر حفاظتی ضمانت والی ایف آئی آر کا نمبر لکھ کر دیاگیا۔

عدالت نے استفسار کیا آپ ہمیں سرچ وارنٹ دکھائیں، اینٹی کرپشن حکام کہاں ہیں؟جسٹس طارق سلیم نے استفسار کیا کہ بتائیں آپ نے عدالتی حکم سے متعلق کیا ریمارکس دیئے تھے؟آپ نے آن ریکارڈ کہا اگر توہین عدالت ہو گی تو دیکھ لیں گے، اس پر کیا کہتے ہیں؟

ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے کہاکہ عدالت کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کو کل شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، اس کا جواب دیں۔

بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اوردیگر کو کل دوبارہ جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

 سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب ن لیگ کی درست خدمت کر رہے ہیں، نوازشریف کی صحیح نمائندگی کر رہے ہیں، اصل میں انہوں نے دکھایا ہے کہ ہم ججز کے حوالے سے ہم یہ ہیں، ہم بھی یہی چاہتے تھے کہ اللہ انہیں ایکسپوز کرے ، باقی ان کا پتا چل جائے کہ یہ ہیں کیا،نوازشریف اور شہبازشریف کی ٹیم کو کہہ سکتاہوں کہ یہ منافقوں کا ٹولہ ہے۔