کراچی:مادہ کچھوؤں کے افزائش نسل کا سیزن اختتام پذیرہوگیا

May 03, 2023 | 07:48 AM

ایک نیوز: مادہ کچھوؤں کے افزائش نسل کا سیزن اختتام پذیرہوگیا،رواں سال کراچی کے ساحلی مقامات پرانڈے دینے کیلئے آنے والی سبزمادہ کچھوؤں کےساڑھے سولہ ہزاربچوں کو سمندرمیں چھوڑاگیا۔
تفصیلات کےمطابق کراچی کے ساحلی مقامات ہاکس بے،پیراڈائزپوائنٹ اورسینڈزپٹ پرسبزکچھوؤں( گرین ٹرٹلز)کی افزائش نسل کا سیزن ختم ہوگیا۔
انچارج محکمہ سندھ وائلڈ لائف میرین ٹرٹلزکنزرویشن یونٹ اشفاق میمن کاکہناہےکہ محکمہ سندھ وائلڈ لائف کی جانب سے رواں سال انڈوں سے نکلنے والے ساڑھے سولہ ہزارکچھوؤں کے بچے سمندرمیں چھوڑے گئے۔
اس سال گرین ٹرٹلز کے انڈوں کوچیمبرمیں رکھنے کا ہدف 30ہزارانڈےمقررکیاگیاتھا، افزائش نسل کیلئے آنے والی 150مادہ کچھوؤں کو ٹیگ بھی لگائے گئے۔
ان کامزید کہنا ہے کہ ایک سبزمادہ کچھوا ایک وقت میں 100سے120انڈے دیتی ہے،40سے60دنوں میں انڈوں سے بچے نکلنا شروع ہوجاتے ہیں،جنھیں گارڈزسمندری لہروں کے حوالے کردیتے ہیں۔
سندھ وائلڈ لائف کے مطابق سن 1975سے اب تک 9لاکھ کے لگ بھگ کچھوؤں کے بچے سمندرمیں چھوڑے جاچکے ہیں،سمندری کچھوؤں کے تحفظ کے وضع کردہ اقدامات کے دوررس نتائج برآمد ہورہے ہیں، جس کا عملی ثبوت بڑی تعداد میں مادہ کچھوؤں کا ساحلی مقامات کا رخ کرنا ہے۔

مزیدخبریں