ایک نیوز:عمران بٹ کی قیادت میں پاکستانی شاہینز کی نظریں دورہ زمبابوے میں فاتحانہ آغاز پر ہوں گی۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان ٹیم30 اپریل کو ہرارے پہنچی۔ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں11 روزہ کیمپ اور پھر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دو روزہ اضافی کیمپ کے بعد کویکوی اسپورٹس کلب میں ایک روزہ تربیتی سیشن میں حصہ لیا ۔
پاکستان ٹیم کل سے کویکوی سپورٹس کلب میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں زمبابوےکی اے ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ پہلے چار روزہ میچ کے بعد ایک اور چار روزہ اورپھر چھ ون ڈے میچز ہوں گے جو ہرارے اور موتارے میں 10 سے 27 مئی تک کھیلے جائیں گے۔
سکواڈ میں 16 کھلاڑی اور چار ریزرو کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان عمران بٹ کے علاوہ چھ کھلاڑی پہلے ہی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان میں حسین طلعت ، کامران غلام، میر حمزہ ، محمد علی ، شاہنواز داہانی اور صائم ایوب شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز کی آخری دو طرفہ سیریز اکتوبر/نومبر2021 میں سری لنکا کے خلاف تھی۔ وہ سیریز دو چار روزہ اور تین50 اوورز کے میچوں پر مشتمل تھی جس میں شاہینز نے بارش سے متاثرہ تین میچوں کی سیریز 1-0 سے جیتی اور دو چار روزہ میچز ڈرا ہوئے۔
عمران بٹ نے کہا کہ ہماری تیاریاں اچھی جا رہی ہیں، ہم یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے پر کام کر رہے ہیں۔ کھلاڑی اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئےپرعزم ہیں۔