پاک فوج اور سول انتظامیہ کا شاہراہِ قراقرم پر ریسکیو آپریشن ،مسافرمحفوظ مقام پرمنتقل

Mar 03, 2024 | 19:32 PM

ایک نیوز:پاک فوج اور سول انتظامیہ کا شاہراہِ قراقرم پر ریسکیو آپریشن ،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 36گھنٹے سے پھنسے مسافروں کو محفوظ مقام پرمنتقل کردیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 2 اور 3 مارچ کو ضلع دیامر میں 36 گھنٹے تک مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے شاہراہِ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند ہو گئی۔ جی بی اسکاؤٹس کی جانب سے ریسکیو آپریشن  شروع کیا گیا۔شاہراہِ قراقرم میں پھنسے مسافروں اور گاڑیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے پاک فوج نے موثر کوششیں کیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 2 مارچ کو شاہراہِ قراقرم پر راولپنڈی سے گلگت سفر کرنے والے ڈاکٹر کو بمعہ فیملی ریسکیو کیا گیا۔مزید 20 گاڑیوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر کے چلاس کی طرف منتقل کیا گیا۔گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی جانب سے مسافروں کو کھانے پینے کی اشیا اور ادویات فراہم کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او اور سول انتظامیہ بھی پاک فوج کے ہمراہ سڑک کلیئرنس آپریشن میں پیش پیش رہی۔آپریشن مزید موثر بنانے  کیلئے ڈرون کی مدد بھی لی گئی۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بروقت ریسکیو آپریشن کو متاثرہ خاندانوں نے خوب سراہا۔

مزیدخبریں