ایک نیوز :شدید برفباری سے سوات کالام روڈ کی بندش پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا نوٹس، کمشنر ملاکنڈ سے رابطہ کیا اور روڈ کی بندش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے روڈ کھولنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کمشنر ملاکنڈ کو ہدایت کی کہ سڑک کی بندش سے کالام میں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، پھنسے ہوئے مسافروں کی عارضی رہائش اور خوراک کا انتظام کیا جائے، بند سڑکوں کو کھولنے اور سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رکھا جائے۔
وزیر اعلی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات کی نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ وزیر اعلی نے سیکرٹری ریلیف سے رابطہ کیا متاثرہ خاندانوں کو معاوضوں کی ادائیگی کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔