ایک نیوز: منی لانڈرنگ تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایف آئی اے نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے میں فرح گوگی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی عدالت نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شامل تفتیش نہ ہونے کی بنیاد پر ایف آئی اے کی درخواست پر جاری کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت ایف آئی اے نے حاصل کر لیے۔ فرح گوگی نے کرپشن، رشوت ستانی اور غیر قانونی سیاسی اثر و رسوخ و دباؤ کے ذریعے اربوں روپے کمائے اور پھر منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثہ جات بنائے۔ فرح گوگی نے سرکاری افسران پر دباؤ کے ذریعے ٹھیکہ جات کے ٹینڈرز و غیر قانونی طور پر ایوارڈ کروانے کی مد میں بھی کروڑوں روپے بطور رشوت لیے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے نام پر اربوں روپے کے بنک اکاؤنٹ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ فرح گوگی اپنے خلاف جاری تحقیقات سے بچنے کے لیے ملک سے پہلے ہی فرار ہو چکی ہے۔ ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے فرح گوگی کو گرفتار کر کے پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔