آمدن سے زائد اثاثہ جات: عثمان بزدار کی فیملی کے نام لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب

Mar 03, 2023 | 15:27 PM

ایک نیوز: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نئی پیش رفت سامنے آگئی۔ نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اہلخانہ کے نام لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے عثمان بزدار کی فیملی کے 10 افراد کے نام پر لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ نیب نے محکمہ ایکسائز سے عثمان بزدار اور ان کے خاندان کے افراد کے نام پر گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ 

نیب لاہور کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کی فیملی کے افراد کے نام پر گاڑیوں کی مکمل معلومات فراہم کی جائے۔ عثمان بزدار کی فیملی کے افراد کے نام پر گاڑیوں کی خریداری سے ٹرانسفر تک کی معلومات دی جائیں۔ گاڑیوں کی ٹرانسفر ،ٹوکن فیس سمیت دیگر متعلقہ معلومات فراہم کی جائیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نیب آفس لاہور میں پیش ہونے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ عثمان بزدار 2 گھنٹے 35 منٹ نیب آفس رہے۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے عثمان بزدار سے آمدن اور اثاثوں سے متعلق سوال جواب کیے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی پیشی کے موقع پر کی گئی تفتیش سے تفتیشی ڈائریکٹر سید حسنین گیلانی سابق وزیراعلیٰ کے جوابات سے مطمئن نہیں ہوئے۔ جس پر انہیں 10 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے۔ آج عثمان بزادر عدالت عالیہ سے حفاظتی  ضمانت کرانے کے بعد نیب لاہور  میں شامل تفتیش ہوئے تھے۔

مزیدخبریں