عوام مہنگائی کا انتقام عمران خان کو ووٹ دے کر لیں گے: شیخ رشید

عوام مہنگائی کا انتقام عمران خان کو ووٹ دے کر لیں گے: شیخ رشید
کیپشن: عوام مہنگائی کا انتقام عمران خان کو ووٹ دے کر لیں گے: شیخ رشید

ایک نیوز: سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آنیوالے الیکشن میں لوگ حکمرانوں سے مہنگائی کا انتقام لیں گے اور عمران خان کو ووٹ ڈالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےشبلی فراز کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ آج اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا کیا کارکردگی دکھائی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع نہیں کیا۔جو انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ فیصلے کی حکم عدولی کرے گا وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا، الیکشن ہو کر رہیں گے، کوئی طاقت ان الیکشن کو نہیں روک سکتی۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں،مہنگائی کے طوفان کا انتقام عوام ووٹ سے لیں گے اور عمران خان کی حمایت کریں گے۔پیٹرول گیس اور بجلی کی قیمتں بڑھا کر موجودہ حکومت نے عوام کو ذبح خانے میں ڈال دیا ہے۔

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اوورسیز ووٹرز اس بات پر سخت ناراض ہیں کہ ووٹ کا حق ان سے کیوں چھینا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جنگ یہی ہے ہم لوگوں کو حقوق دلوائیں، ہم چاہتے ہیں اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ہماری حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دیا،ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کیلئے ای وی ایم بھی متعارف کروائی،اس حکومت نے آکر دونوں قوانین کو بدل دیا،

حکومت کو صرف ڈر اس بات کا ہے کہ اووسیز پاکستانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔